پاکستانی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ بھارت خلاف اسپنرز کا آف ڈے تھا اور ٹیم ابھی بھی ورلڈ کپ جیتنے کی اہلیت اور جذبہ رکھتی ہے۔
بھارت سے میچ ہارنے کے بعد سلمان نے کہا کہ اسپنرز نے ہی پاکستان کو حالیہ میچز میں کامیابی دلائی ہے مگر بھارت کے خلاف ان کا آف ڈے آگیا۔ انہوں نے مزید یہ کہا کہ تین دن پہلے ہی فیصلہ کرلیا گیا تھا کہ وہ نئی گیند سے ابھیشک شرما اور ایشن کشن کے خلاف بالنگ کر رہے ہیں اور یہ اسٹریٹجی کامیاب بھی رہی۔
انہوں نے کرکٹ شائقین سے ٹیم کو سپورٹ کرنے کی التجا کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ ابھی ختم نہیں ہوا بہت میچز باقی ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ جو غلطیاں ہماری بھارت کے خلاف ہوئی اس کو پھر نہ دہرائیں کیونکہ ابھی سپرایٹ راؤنڈ میں ہم نے مزید بڑے میچز کھیلنے ہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ ہم یہ میچز جیت کر ناک آؤٹ اسٹیج کے لیے کوالیفائی کرسکتے ہیں۔
پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مائک ہیسن نے کہا کہ ایشن بہت زبردست اننگز کھیل گئے اور اس کا جواب پاکستانی بالرز کے پاس نہیں تھا مگر ایک نتیجے کا مطلب یہ نہیں کہ ٹیم مایوس ہے اور آگے میچ نہیں جیت سکتی۔
ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ بھارت بہتر کرکٹ کھیلا لیکن پاکستان کی ٹیم میں بھی صلاحیت موجود ہے کہ وہ اس سے بہتر کھیل پیش کر سکتی ہے۔