یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 24.6 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق جولائی 2025 سے جنوری 2026 تک کی مدت میں جرمنی، فرانس، نیدر لینڈز، سپین، اٹلی، یونان، سویڈن، ڈنمارک، آئر لینڈ اور بیلجیئم میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.101 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 24.6 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.48 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ جنوری میں یورپی یونین کے ممالک سے ترسیلات زر کا حجم 479.6 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو دسمبر میں 502.9 ملین اور گزشتہ سال جنوری میں 353.7 ملین ڈالر تھا۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زر کا حجم 23.20 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 20.85 ارب ڈالر کے مقابلے میں 11.3 فیصد زیادہ ہے۔