قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے اپنی دوسری شادی کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے نائلہ سے نکاح کر لیا ہے۔
عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ان کی پہلی شادی کامیاب نہ ہو سکی جو ان کی زندگی کے مشکل ترین ادوار میں سے ایک تھا تاہم اس دوران انہیں اپنے بچوں کی صورت میں زندگی کی سب سے بڑی نعمت نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بچوں سے بے انتہا محبت کرتے ہیں اور یہ محبت کبھی ختم نہیں ہوگی۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ طویل عرصے تک صبر اور امید کے ساتھ ایسے معاملات کو بچانے کی کوشش کرتے رہے جو ان کے لیے انتہائی اہم تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران کچھ فیصلوں میں تاخیر اور خاموشی کے باعث ایک بے گناہ شخص کو ناحق تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کی ذمہ داری وہ خود قبول کرتے ہیں۔
سابق آل راؤنڈر نے بتایا کہ اللہ کے فضل اور والدین کی رہنمائی سے انہوں نے نائلہ سے نکاح کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر اور واضح نیت کے ساتھ کیا گیا تاکہ ایک ایسی نئی زندگی کا آغاز کیا جا سکے جو سکون، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی ہو۔ انہوں نے کہا کہ نائلہ ان کی زندگی میں وقار، سکون اور استحکام کا باعث بنی ہیں۔
اپنے بیان میں عماد وسیم نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی سب سے بڑی وابستگی اپنے بچوں کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باپ ہونا صرف نان و نفقہ فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ محبت، موجودگی اور رہنمائی بھی اس کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پوری کوشش کے باوجود وہ اس وقت اپنے بچوں سے ملنے سے قاصر ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ ان کی زندگی میں فعال اور بامعنی کردار ادا کر سکیں۔
آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ان کی ذاتی زندگی کو وقار اور رازداری کے ساتھ دیکھا جائے اور غیر ضروری تبصروں سے گریز کیا جائے۔