عماد وسیم کی شادی کے بعد نیا تنازع، سابق اہلیہ کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے بائیکاٹ کی اپیل

image

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم اور سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ کی شادی کی تصدیق کے بعد ایک نیا تنازع سامنے آگیا ہے۔ عماد وسیم کی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے سنگین الزامات عائد کر دیے۔

ثانیہ اشفاق نے دعویٰ کیا کہ دسمبر 2023 میں لاہور میں ان کے بچے کا اسقاط حمل کروایا گیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں عماد وسیم پر دھوکا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ویڈیو ثبوت بھی موجود ہے۔ تاہم ان الزامات پر عماد وسیم کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ثانیہ اشفاق نے اپنی پوسٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ٹیم نے ایک دھوکے باز کو موقع دیا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر باقاعدہ مہم شروع کرنے کی اپیل بھی کی۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے عماد وسیم کو 2 کروڑ 20 لاکھ روپے میں خریدا ہے۔ عماد وسیم کی جانب سے دوسری شادی کی تصدیق کے بعد یہ معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے اور سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔

یاد رہے کہ ثانیہ اشفاق نے پہلے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ عماد وسیم اور نائلہ راجہ نے دوسری شادی کر لی ہے جس کے بعد عماد وسیم نے خود بھی سوشل میڈیا پر تفصیلی پیغام جاری کرتے ہوئے نکاح کی تصدیق کی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US