پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج نمایاں اتار چڑھاؤ کے بعد کاروبار کا اختتام منفی زون میں ہوا۔ دورانِ ٹریڈنگ مارکیٹ میں 4400 پوائنٹس کا بڑا اتار چڑھاؤ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق پی ایس او کی جانب سے ڈیویڈنڈ کا اعلان نہ کرنا اور مختلف کمپنیوں کے توقع سے کم مالی نتائج سرمایہ کاروں کی مایوسی کا سبب بنے جس کے باعث فروخت کا دباؤ بڑھ گیا۔
چار مسلسل کاروباری سیشنز میں اسٹاک مارکیٹ مجموعی طور پر 6 فیصد گراوٹ کا شکار ہو چکی ہے جبکہ اپنے 191,000 پوائنٹس کے آل ٹائم ہائی سے اب تک مارکیٹ تقریباً 10 فیصد نیچے آ چکی ہے۔
آج کے کاروبار کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس میں ایک موقع پر 1677 پوائنٹس کی تیزی بھی دیکھی گئی تاہم بعد ازاں 2760 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ ہوئی۔ مارکیٹ 176,000 اور 175,000 پوائنٹس کی حدیں بحال رکھنے میں ناکام رہی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1303 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 173,150 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ 174,000 پوائنٹس کی اہم حد بھی برقرار نہ رہ سکی۔آج مارکیٹ میں 40 ارب 50 کروڑ روپے مالیت کے 71 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا۔