آئی ایس پی آر کے مطابق 16 فروری 2026 کو ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج نے دہشتگرد حملے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی تاہم پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ فورسز کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی میں 12 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ناکامی کے بعد حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں شدید دھماکا ہوا اور چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر منہدم ہوگیا۔ دھماکے کے باعث 11 بہادر جوان وطن پر قربان ہو کر شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے۔
دھماکے سے قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچی شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خارجی دہشتگرد کو ختم کیا جاسکے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن "عزمِ استحکام" کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاک فوج اور قوم کے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں دہشتگردی کے ناسور کے خلاف جدوجہد کو مزید مضبوط بناتی ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے ہر قیمت پر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔