ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا ویمن ٹیم کو 53 رنز سے شکست دے دی۔
میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ کپتان فاطمہ ثناء نے 30 گیندوں پر 47 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ عالیہ ریاض اور سدرہ امین نے 26-26 رنز بنا کر ٹیم کی مضبوط بنیاد رکھی۔
جنوبی افریقا ویمن ٹیم جواب میں 17 ویں اوور میں 91 رنز پر آؤٹ ہو گئی جس میں اینیری ڈارکسن نے 30 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔ پاکستان کی جانب سے سدرہ اقبال نے تین جبکہ فاطمہ ثناء نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے جنوبی افریقا کے خلاف اہم فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی کامیابی مکمل ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹرز اور بولرز دونوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین کھیل پیش کیا۔
فاطمہ ثنا نے کہا کہ سیریز جیتنا ٹیم کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنا ہے۔ جنوبی افریقا میں کھیلنا ہمیشہ چیلنجنگ ہوتا ہے تاہم نوجوان کھلاڑیوں نے دباؤ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔
کپتان کے مطابق اب ٹیم کی توجہ ون ڈے سیریز پر مرکوز ہو چکی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی میں حاصل کیا گیا مومینٹم برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم ہر میچ میں بہتری کی کوشش کر رہی ہے اور شائقین کی سپورٹ ہمارے لیے بے حد اہم ہے۔