ویانا میں واقع اقوام متحدہ کے دفتر میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (UNODC) کے درمیان ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے "UNODC کنٹری پروگرام فار پاکستان (PAKCP4)" پر دستخط کیے، جبکہ UNODC کے قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر جان برانڈولینو بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی شرکت کی اور اس اہم پیش رفت کا مشاہدہ کیا۔
یہ معاہدہ پاکستان اور UNODC کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت منشیات کے خاتمے، جرائم کی روک تھام، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ اور انصاف کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان کے عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرے گا اور جرائم و منشیات کے خلاف مشترکہ اقدامات میں اہم کردار ادا کرے گا۔