پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی تاریخی اسلامی فنانسنگ پر دو بڑے عالمی اعزازات

image

وزارتِ خزانہ پاکستان نے اسلامک فنانس نیوز (آئی ایف این) ڈیلز آف دی ایئر ایوارڈز 2025 میں پاکستان کی ایک ارب ڈالر کی تاریخی سنڈیکیٹڈ فنانسنگ کو دو بین الاقوامی اعزازات ملنے کا خیرمقدم کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کو "آئی ایف این پاکستان ڈیل آف دی ایئر 2025" اور "آئی ایف این سنڈیکیٹڈ فنانس ڈیل آف دی ایئر 2025" کے ایوارڈز سے نوازا گیا، جو عالمی اسلامی مالیاتی شعبے میں اس اہم معاہدے کی کامیابی کا اعتراف ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ اعزازات پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر عالمی اعتماد اور مشکل عالمی حالات میں جدید اور شریعت کے مطابق مالیاتی حل فراہم کرنے کی صلاحیت کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فنانسنگ سے مالی وسائل میں تنوع، بیرونی مالیاتی استحکام اور عالمی اسلامی کیپٹل مارکیٹ میں پاکستان کی موجودگی مزید مضبوط ہوگی۔

وزیر خزانہ نے اس کامیابی میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی شراکت داروں، بینکوں اور مشیروں کے تعاون سے یہ اہم سنگِ میل حاصل ہوا۔

آئی ایف این ایوارڈز اسلامی مالیاتی صنعت کے معتبر ترین اعزازات میں شمار ہوتے ہیں، جبکہ ان ایوارڈز کی تقریبات 13 اپریل 2026 کو دبئی اور 22 اپریل 2026 کو کوالالمپور میں منعقد ہوں گی۔

وزارت خزانہ کے مطابق یہ اعزازات عالمی اسلامی مالیاتی نظام میں پاکستان کی مضبوط ہوتی پوزیشن اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا مظہر ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US