آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بارش نے آسٹریلیا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور کینگروز ایونٹ سے باہر ہوگئے جبکہ زمبابوے سپر 8 مرحلے میں پہنچ گیا۔
زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان شیڈول ٹورنامنٹ کا 32 واں میچ پالی کیلے میں کھیلا جانا تھا تاہم مسلسل بارش کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔ میچ کی منسوخی پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا جس سے زمبابوے کو مطلوبہ پوائنٹ مل گیا۔
زمبابوے کو سپر 8 مرحلے میں رسائی کے لیے صرف ایک پوائنٹ درکار تھا اور اب گروپ بی میں تین میچز کے بعد اس کے پانچ پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے تین میچوں میں دو شکستوں کے باعث صرف دو پوائنٹس تھے جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔
گروپ بی سے سری لنکا پہلے ہی سپر 8 مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔ سری لنکا نے گزشتہ روز آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی اور تین میچوں کے بعد اس کے چھ پوائنٹس ہیں۔