کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کوئٹہ اور بارکھان میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران کل 14 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔
کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں کی گئی کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 8 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوئے۔ ترجمان نے بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا اور ان کے کالعدم تنظیم سے تعلق کی تصدیق کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
اسی طرح بارکھان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشتگرد مارے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ دہشتگرد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی حاصل کیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں ملک بھر میں امن و امان قائم رکھنے اور دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے مسلسل جاری ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ اور بارکھان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سی ٹی ڈی بلوچستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے فتنہ الخوارج کے 14 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے والے اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی بلوچستان دہشت گردی کے خلاف وطن عزیز کی حفاظت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
صدر مملکت نے فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا بھی کی۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی بلوچستان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی بلوچستان کے جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا سیکیورٹی اداروں کی بڑی کامیابی ہے۔