پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی بابر اور شاہین کی حمایت، نمیبیا میچ میں کھلانے کا امکان

image

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف 61 رنز کی شکست کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سینیئر کھلاڑیوں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان پر اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔

ٹیم کے قریب ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی ٹیم میٹنگ میں ہیڈ کوچ نے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو ٹیم کا اہم ترین حصہ قرار دیتے ہوئے انہیں مزید مواقع دینے پر زور دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج نمیبیا کے خلاف اہم میچ میں بابر اعظم اور شاداب خان کی شرکت یقینی دکھائی دے رہی ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو بھی دوبارہ موقع دیے جانے کا امکان ہے۔

بھارت سے شکست کے بعد سابق کرکٹرز اور شائقین کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ ان تینوں کھلاڑیوں کو مزید موقع نہ دیا جائے تاہم ذرائع کے مطابق غیر ملکی کوچ اس تجویز سے اتفاق نہیں کرتے اور وہ ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑیوں پر ہی انحصار کرنا چاہتے ہیں۔

آج کا میچ پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے۔ اس وقت پاکستان اور امریکا کے چار، چار پوائنٹس ہیں تاہم امریکا کا نیٹ رن ریٹ بہتر ہے۔ اگر پاکستان نمیبیا کے خلاف شکست کھا جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہونے کے باوجود بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر امریکا سپر مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گا اور پاکستان ایونٹ سے باہر ہو جائے گا۔

کرکٹ شائقین میں بے چینی پائی جا رہی ہے کیونکہ ماضی میں پاکستان کمزور ٹیموں کے خلاف غیر متوقع نتائج دے چکا ہے۔ 2024 کے ورلڈ کپ میں امریکا کے ہاتھوں شکست بھی شائقین کو یاد ہے جس نے پاکستان کی مہم کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔

ذرائع کے مطابق ٹیم کمبی نیشن میں بھی تبدیلی کا امکان ہے، ایک اسپنر ابرار احمد یا عثمان طارق کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے جبکہ ایک اضافی فاسٹ بولر کھلانے پر غور ہو رہا ہے۔ مزید برآں فخر زمان کو اوپنر صاحبزادہ فرحان کی جگہ شامل کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US