وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کو درپیش عالمی بحرانوں کی بڑی وجہ غیر حل شدہ سیاسی تنازعات ہیں جو صورتحال کو بارود کے ڈھیر میں تبدیل کر رہے ہیں۔
یونائیٹڈ نیشن کے زیر اہتمام ’’پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ‘‘ کے موضوع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے زور دیا کہ سفارتکاری، بات چیت اور مکالمہ ہی تنازعات کے پائیدار حل کا واحد ذریعہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کو عدل و انصاف پر مبنی ہونا چاہیے، بصورت دیگر عالمی امن ہمیشہ ایک خواب ہی رہے گا۔
وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ہمسایہ ملک دریائے سندھ کے پانی کی تقسیم کے نظام کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دے رہا ہے حالانکہ یہ نظام پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی زندگیوں اور روزگار کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی جیسے اہم وسائل کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنا خطے کے امن کے لیے خطرناک ہے۔
شہباز شریف نے اقوام متحدہ کو مزید مضبوط، مؤثر اور مناسب وسائل سے لیس بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے میں اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ یہ عالمی تعاون کے مرکزی ستون کے طور پر اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کر سکے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان اور اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے مابین تعاون کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی اور دوطرفہ شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔