اپوزیشن اتحاد نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی صحت سے متعلق خدشات کے پیش نظر دھرنا اور احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن اتحاد کے سربراہ اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بانی پی ٹی آئی تک ان کے ذاتی معالجین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ محمود خان اچکزئی نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک ذاتی ڈاکٹروں کی رسائی اور اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی اس وقت تک دھرنا اور احتجاج جاری رکھا جائے۔
تاہم اجلاس میں پی ٹی آئی کے چند ارکان کے علاوہ اپوزیشن اتحاد کی اکثریت نے دھرنا ختم کرنے کی رائے بھی دی جس پر مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔