اسٹاک مارکیٹ میں رواں سال کی سب سے بڑی تیزی، کاروبار کا اختتام شاندار اضافے پر

image

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج رواں سال کی سب سے بڑی تیزی دیکھنے میں آئی اور مارکیٹ شاندار اضافے کے ساتھ بند ہوئی۔

دوران ٹریڈنگ ہنڈرڈ انڈیکس میں 5,824 پوائنٹس تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 5,702 پوائنٹس بڑھ کر 178,853 پوائنٹس پر بند ہوا۔

ماہرین کے مطابق ملکی کرنٹ اکاؤنٹ میں سرپلس اور تعمیراتی صنعت کے لیے متوقع حکومتی ریلیف پیکج نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی۔

بینکنگ، پاور، آئل اینڈ گیس، سیمنٹ، فرٹیلائزر اور ٹیکنالوجی سیکٹر کی کمپنیوں کے شیئرز میں بڑی لہر آئی، جس سے 174,000 سے 178,000 پوائنٹس تک کی پانچ اہم حدیں بحال ہو گئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چار کاروباری سیشنز میں اسٹاک مارکیٹ تقریباً 6 فیصد گر چکی تھی جبکہ دو روز قبل رواں سال کی سب سے بڑی مندی بھی ریکارڈ کی گئی تھی۔ تاہم آج شیئرز کی پرکشش قیمتوں کو دیکھتے ہوئے سرمایہ کاروں نے نئی پوزیشنز لیں اور مارکیٹ میں زبردست کم بیک دیکھنے میں آیا۔

آج کے کاروباری دن کے دوران 50 ارب روپے مالیت کے 69 کروڑ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US