اسلام آباد: جی سکس میں کیش لیس رمضان سہولت بازار قائم

image

اسلام آباد کے جی سکس آبپارہ میں کیش لیس رمضان سہولت بازار قائم کردیا گیا ہے، جہاں شہری معیاری اشیاء خور ونوش مناسب قیمتوں پر خرید سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بازار کا دورہ کیا اور سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے ضرویہ کے اسٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ وزیر داخلہ نے اشیاء کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام اسٹالز پر ریٹ لسٹ واضح طور پر آویزاں کی جائے تاکہ شہری آسانی سے مارکیٹ ریٹ اور اسٹال ریٹ جان سکیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور عوامی ریلیف میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے رمضان بازاروں میں صفائی اور سیکیورٹی کے انتظامات بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے مختلف اسٹالز پر جا کر شہریوں سے ملاقات کی اور کوالٹی و قیمتوں کے بارے میں سوالات کیے۔ بعض شہریوں نے ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایت بھی کی، جس پر وزیر داخلہ نے کہا کہ"ریٹ واضح طور پر لکھ کر آویزاں کریں تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ بازار ریٹ اور آپ کا ریٹ کیا ہے۔"

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے رمضان سہولت بازار کے انتظامات اور کچھ نجی کمپنیوں کے اسٹالز کی بریفنگ دی۔ بازار صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کھلا رہے گا اور منڈی ریٹ کے مطابق اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ میکنزم بھی فعال کیا گیا ہے۔

اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر، ڈی جی انفورسمنٹ، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US