انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبد الکریم نے صادق آباد کے قریب دریائی (کچے) کے علاقوں میں دورہ کیا، جہاں بھونگ پہنچنے پر علاقائی اور ضلعی پولیس حکام نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر پولیس افسران کی جانب سے کچے کے علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پنجاب پولیس کی جانب سے جاری آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ حالیہ کارروائیوں کے دوران 68 ڈاکو ہلاک کیے گئے، جبکہ زخمی حالت میں 97 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ 15 اشتہاری ملزمان سمیت 216 مشتبہ افراد نے حکام کے سامنے ہتھیار ڈال کر گرفتاری دی۔ پولیس کے مطابق ہتھیار ڈالنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے گڑھی خیر محمد جھک میں قائم پولیس پوسٹ کا بھی دورہ کیا اور وہاں تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے پولیس جوانوں کے حوصلے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔