کراچی کے علاقے لیاری اولڈ کمہار واڑہ میں میوہ شاہ مسجد کے قریب واقع رہائشی عمارت میں آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ کچرا کنڈی میں لگی، جو تیزی سے پھیلتے ہوئے بلڈنگ تک جا پہنچی اور ایک فلور کو لپیٹ میں لے لیا۔ آگ بھڑکنے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، بلڈنگ میں موجود رہائشیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری طور پر گھروں سے باہر نکل کر محفوظ مقامات کا رخ کیا۔
مقامی افراد کے مطابق آگ کے شعلے بلند ہونے کے باعث قریبی مکانات کو بھی خطرات لاحق ہوگئے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم آتشزدگی کے باعث بلڈنگ کے ایک حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے اور گھریلو سامان جلنے سے مالی نقصان ہوا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کچرا کنڈی میں اکثر کچرا جمع رہتا ہے، جس کے باعث آگ لگنے کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کچرا کنڈیوں کی بروقت صفائی، نگرانی اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے خطرناک واقعات سے بچا جاسکے۔
پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ آگ لگنے کی حتمی وجوہات کا تعین کیا جارہا ہے۔