پی ایس ایل سیزن 11 سے قبل سیالکوٹ اسٹالینز تنازع کا شکار

image

پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن سے قبل نئی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز تنازع کی زد میں آ گئی۔ سیزن 11 کے آغاز سے پہلے ہی شیئرز کی ملکیت سے متعلق اختلافات منظرعام پر آگئے ہیں۔

فرنچائز کے 76 فیصد شیئرز کا قانونی مالک ہونے کے دعویدار آسٹریلیا میں مقیم بزنس مین محمد شاہد کا کہنا ہے کہ 24 فیصد شیئرز کے حامل حمزہ مجید ان کی اجازت کے بغیر مزید شیئرز فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حمزہ مجید کو مزید شیئرز بیچنے کا کوئی قانونی اختیار حاصل نہیں۔

محمد شاہد نے کہا کہ وہ فرنچائز کے اکثریتی شیئر ہولڈر ہیں اور ان کے حصے کے شیئرز مبینہ طور پر مہنگے داموں فروخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق اس معاملے پر ان کے وکلا غور کر رہے ہیں اور ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

محمد شاہد کے مطابق معاملے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل انتظامیہ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب اس حوالے سے حمزہ مجید کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US