پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں اپنی جگہ بنالی ہے۔
پاکستان کی طرف سے آج صاحبزادہ فرحان کے ناقابل شکست 100 رنز اور اسپنر عثمان طارق کی چار وکٹیں اس جیت میں سنگ میل ثابت ہوئی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 199 رنز صرف تین وکٹوں کے نقصان پر بنائے، نمیبیا جو ایسوسی ایٹ ٹیم ہے 97 رنز پر 17.3 اوورز میں آؤٹ ہو گئی جس میں ان کی اننگز کا سب سے زیادہ اسکور اوپنر لارن سٹیین کیمپ نے 23 رنز بنایا جبکہ الیگزینڈر بوزنگ نے 20 رنز بنائے باقی ان کا کوئی بیٹسمین بھی ڈبل فگرز میں داخل نہیں ہو پایا اور پاکستان اسپنرز کی نپی تلی بالنگ کے سامنے ڈھیر ہوگیا۔
عثمان طارق نے 3.3 اوورز میں 16 رن دے کے چار وکٹیں حاصل کی جبکہ شاداب خان نے چار اوورز میں 19 رن دے کے تین وکٹیں حاصل کی اور محمد نواز اور سلمان مرزا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آج پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے فہیم اشرف سے نئی گیند کا آغاز کیا لیکن وہ کوئی وکٹ نہیں لے پائے۔ آج کے میچ کے لیے ٹیم مینجمنٹ نے شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد کو آرام دیا تھا۔ پاکستان کی اننگز صاحبزادہ فرحان سینچری کے ارد گرد گھومتی رہی اور انہوں نے اپنی سینچری صرف 57 بالز پر مکمل کی چار چھکے اور 11 چوکے لگا کر۔
سلمان علی آغا نے 23 گیندوں پر 38 کر کے اور شاداب خان نے 22 گیندوں پر 36 کر کے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ نمیبیا کی طرف سے سب سے کامیاب بالر جیک برسل رہے، انھوں نے چار اوورز میں 48 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی اننگز میں آج بابر اعظم کو بیٹنگ کے لیے نہیں بھیجا گیا اور جب دوسری وکٹ گری 13 اوور میں سلمان علی آغا کی تو بابر اعظم کی جگہ خواجہ نافع کو بھیجا گیا مگر وہ صرف پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد شاداب بیٹنگ کرنے آگیا۔
پاکستان نے اپنے گروپ میں چار میں سے تین میچ جیت کر چھ پوائنٹس کے ساتھ آرام سے سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ اس گروپ سے بھارت اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر ہے اور آج اپنا آخری میچ نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔
سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کا مقابلہ انگلینڈ، سری لنکا اور نیوزی لینڈ سے متوقع ہے۔