کراچی کے علاقے سولجر بازار میں ایک رہائشی عمارت میں گیس سلینڈر دھماکے کے نتیجے میں چھت منہدم ہو گئی جس کے باعث ایک بچی سمیت 16 افراد جاں بحق جبکہ12 سے زائد زخمی ہو گئے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں طلحہ اور 60 سالہ ریاض شامل ہیں۔ ملبے سے 10 سالہ سجاد کی لاش بھی نکال لی گئی ہے جبکہ 44 سالہ زینب کی لاش بھی برآمد کر لی گئی۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتیں بھی لرز اٹھیں اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں جبکہ مزید ایک سے دو افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے وقوع سے دور رہیں تاکہ امدادی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔