آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے والی تمام ٹیمیں 2028 کے عالمی ایونٹ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کر چکی ہیں۔ اس فہرست میں پاکستان ٹیم بھی شامل ہے۔
آئی سی سی کے مطابق 2028 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کریں گے اور میزبان ہونے کے ناطے آسٹریلیا نے براہِ راست کوالیفائی کر لیا ہے۔
اب تک براہِ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، زمبابوے، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقا، آسٹریلیا اور سری لنکا شامل ہیں۔
آئی سی سی نے بتایا ہے کہ 9 مارچ تک رینکنگ میں شامل اگلی تین بہترین ٹیمیں بھی براہِ راست کوالیفائی کریں گی جن میں بنگلا دیش، افغانستان اور آئرلینڈ شامل ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ باقی آٹھ ٹیموں کا فیصلہ ریجنل کوالیفائرز کے ذریعے کیا جائے گا۔