خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا سے تعلق رکھنے والی ننھی کرکٹر آئینہ وزیر اپنی شاندار فاسٹ بولنگ کے باعث سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
آئینہ وزیر نے مقامی بچوں کے کرکٹ میچ کے دوران تیز رفتار اور متاثر کن بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے پھیل گئی۔ صارفین نے ان کی صلاحیتوں کو سراہا اور روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مقامی کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، لیکن دیہی اور دور دراز علاقوں کے باصلاحیت کھلاڑی مناسب سہولتوں اور مواقع نہ ہونے کی وجہ سے آگے نہیں بڑھ پاتے۔
وائرل ویڈیو دیکھنے کے بعد پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے آئینہ وزیر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں غیر معمولی باصلاحیت کھلاڑی قرار دیا اور اعلان کیا کہ آئندہ زلمی ویمن لیگ کا حصہ بنیں گی۔
جاوید آفریدی نے کہا کہ لیگ کا مقصد لڑکیوں کو کھیلنے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور دیگر بچیوں کے لیے مثال بننے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
1
مزید برآں آئینہ کو تمام ضروری کرکٹ ساز و سامان اور تربیتی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔