پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو بھیج دیا ہے۔ طارق بگتی کا اس دفعہ ایسے وقت پر آیا جب پاکستان ہاکی ایک بہت بڑے بحران سے گزر رہا ہے۔
طارق بگٹی نے کہا کہ استعفیٰ بھیج دیا ہے مگر وہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے اپیل کریں گے کہ وہ ہاکی میں ہونے والے بحران کی پوری انکوائری کروائیں۔
یاد رہے کہ منگل کی رات جب پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا سے ایف آئی ایچ پرو نیشنز لیگ کھیل کر لاہور پہنچی تو کپتان عماد شکیل بٹ اور آٹھ کھلاڑیوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن پر سنگین الزامات لگائے اور مطالبہ کیا کہ قومی ٹیم کی مینجمنٹ اور پی ایچ ایف کے عہدے داروں کو ہٹایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پیسے دینے کے باوجود کھلاڑیوں کو آسٹریلیا میں بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور پی ایچ ایف کے ناقص لاجسٹکل انتظامات کی وجہ سے کھلاڑیوں کے لیے یہ ٹورنامنٹ ایک ڈراؤنا خواب بن گیا۔
طارق بگٹی نے کہا کہ پی ایچ ایف کا پورے معاملے میں کوئی قصور نہیں کیونکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ ٹیم کے سارے مالی معاملات دیکھ رہا تھا اور اگر کھلاڑیوں کو آسٹریلیا میں صحیح رہائش نہیں ملی ہے تو یہ پی ایس بی کا قصور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ ایف کے صدر ہونے کے ناطے انہوں نے کپتان عماد شکیل بٹ پر انٹرنیشنل اور قومی ہاکی سے دو سال کی پابندی لگائی ہے کیونکہ انہوں نے پاکستان ہاکی کا نام بدنام کیا ہے۔