وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے نیٹ میٹرنگ کی جمع شدہ درخواستوں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ 8 فروری تک جمع ہونے والی تمام درخواستوں کو پرانے قواعد کے تحت پراسیس کیا جائے۔
وفاقی وزیر کے اس فیصلے سے زیر التواء درخواستوں کے حوالے سے پائے جانے والے ابہام کا خاتمہ ہوگیا ہے جبکہ تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو احکامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 8 فروری تک بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے پاس مجموعی طور پر 5165 نیٹ میٹرنگ درخواستیں جمع ہوچکی ہیں، جن کے تحت 250 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔
وفاقی وزیر توانائی نے متعلقہ اداروں کو درخواستوں کے پراسیس میں شفافیت برقرار رکھنے کی بھی سختی سے ہدایت کی ہے تاکہ صارفین کے مفادات کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔