کراچی: اپ گریڈ شدہ رن وے پر پہلی کمرشل پرواز کی کامیاب لینڈنگ

image

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے زیر انتظام جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی اپ گریڈ شدہ مرکزی رن وے 07L/25R پر پہلی کمرشل پرواز کی کامیاب لینڈنگ کردی گئی، جسے پاکستان کے ہوابازی شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ تاریخی لینڈنگ ایئر بلیو کی پرواز PA-171 نے انجام دی، جو جدہ سے روانہ ہو کر دوپہر 12 بج کر 20 منٹ پر کراچی پہنچی۔ لینڈنگ کے موقع پر طیارے کو روایتی واٹر کینن سلامی پیش کی گئی، جس کے ساتھ ہی نئی رن وے پر باقاعدہ فلائٹ آپریشنز کا آغاز ہو گیا۔

اتھارٹی کے مطابق جدید کوڈ 4F رن وے کو انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے عالمی معیار کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے، جو دنیا کے بڑے مسافر طیاروں کی لینڈنگ کے قابل ہے۔ 8 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد لاگت کا یہ منصوبہ 18 ماہ میں مکمل کیا گیا جبکہ اس دوران ایئرپورٹ کی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔

رن وے کی اپ گریڈیشن سے اس کی لمبائی، مضبوطی، جدید لائٹنگ سسٹم اور ٹیکسی ویز کو بہتر بنایا گیا ہے، جس سے آئندہ 25 سے 30 سال تک آپریشنل صلاحیت اور حفاظتی معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔

ڈائریکٹر جنرل اتھارٹی، ذیشان سعید نے اس کامیابی کو قومی ہوابازی انفراسٹرکچر کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے کراچی کی حیثیت ملک کے اہم فضائی مرکز کے طور پر مزید مستحکم ہوگی۔

یہ پیش رفت پاکستان کے جدید، محفوظ اور مؤثر فضائی نظام کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم سمجھی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US