چیئرمین پی سی بی کی قومی ہاکی ٹیم سے ملاقات، مکمل تعاون کی یقین دہانی

image

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ملاقات کی جس میں پرو ہاکی لیگ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے ہاکی پلیئرز کے ساتھ ناروا سلوک پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور ہاکی کے معاملات کو اسٹریم لائن کرنے میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے مصر میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم کے ٹکٹس، کٹس اور ہوٹل میں قیام کے فوری انتظامات کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے حکم دیا کہ تربیتی کیمپ کل سے شروع کیا جائے اور آج رات تک تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں۔

محسن نقوی نے زخمی کھلاڑیوں کے فوری علاج معالجے کی ہدایت دیتے کی اور کہا کہ ضرورت پڑنے پر انجرڈ پلیئرز کو بیرونِ ملک علاج کے لیے بھی بھیجا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ کھلاڑیوں کی انجریز کا معائنہ آج ہی پی سی بی کے فزیو سے کروایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان پر کسی قسم کی پابندی نہیں اور نہ ہی کسی کھلاڑی کا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ کسی انٹرنیشنل کوچ سے بھی رابطہ کیا جائے گا اور اگر وہ پاکستان نہ آئے تو ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے مصر بھجوایا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے عارضی طور پر ہاکی کے معاملات دیکھنے کا عندیہ بھی دیا اور کہا کہ پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے کسی صورت وطن کے وقار پر حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے چھ قومی ہاکی ٹورنامنٹ میں رنر اپ آنے پر اعلان کردہ 10،10 لاکھ روپے کے چیکس بھی کھلاڑیوں میں تقسیم کیے۔ ہاکی پلیئرز نے ملاقات اور حوصلہ افزائی پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US