قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ پر سے دو سال کی پابندی ختم کردی گئی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈوک صدر محی الدین وانی نے آج میڈیا کو بتایا کہ چارج لیتے ہی انہوں نے اس پابندی کو ختم کردیا۔ محی الدین وانی کو اور بریگیڈر مسرت اللہ کو پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ہاکی کے معاملات دیکھنے کے لیے لاہور بھیجا ہے اور دونوں نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور پہنچ گئے۔
ڈاک صدر نے واضح کیا کہ کھلاڑی اب اپنی ٹریننگ اور تیاریوں پر توجہ دے فیڈریشن باقی امور کو دیکھے گی اور ان کے جو بھی مسائل ہیں ان کو جلد سے جلد حل کرنے کی کوشش کرے گی۔
وانی نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ ہاکی کی فروغ اور بہتری کے لیے جو بھی اقدامات ضروری ہیں وہ کیے جائیں۔ اب ہاکی فیڈریشن میں سارے فیصلے میرٹ اور شفافیت پر کیے جائیں گے اور کھلاڑیوں کا اعتماد بحال کیا جائے گا اور ٹیم مینجمنٹ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
قبل ازیں قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا تھا کہ وہ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے لگائی گئی دو سال کی پابندی کے خلاف اپیل کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ان کو اس بات کی خوشی ہے کہ حکومت نے ہاکی کے معاملات اور کھلاڑیوں کے مسائل کی طرف دھیان دے دیا ہے اور ان کو امید ہے کہ اب چیزیں بہتر ہوں گی۔