پاور ڈویژن پاکستان کے ترجمان نے صنعتی سرپلس بجلی کے تین سالہ رعایتی پیکج کے تحت دسمبر 2025 اور جنوری 2026 کے دوران حاصل ہونے والے فوائد اور مجموعی جائزے کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق دو ماہ کے دوران مجموعی طور پر 127,686 صنعتی صارفین کو 12.125 ارب روپے کا مالی فائدہ حاصل ہوا، جو کل 278,961 صنعتی صارفین کا تقریباً 46 فیصد بنتا ہے۔ اس پیکج کے تحت صنعتوں کو سرپلس بجلی کے استعمال پر 10.3 روپے فی یونٹ رعایت فراہم کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں صنعتوں کو مجموعی طور پر 1,176 ملین یونٹس سرپلس بجلی فروخت کی گئی، جو ان دو ماہ کے دوران فروخت ہونے والی کل صنعتی بجلی کا 23.80 فیصد ہے۔
دسمبر 2025 میں صنعتوں کو 557 ملین یونٹس بجلی فراہم کی گئی، جس سے صنعتی صارفین کو 5.743 ارب روپے کا فائدہ ہوا، جبکہ اس ماہ 125,829 صارفین اس پیکج سے مستفید ہوئے، جو کل صنعتی صارفین کا 45 فیصد ہیں۔
اسی طرح جنوری 2026 میں 619 ملین یونٹس سرپلس بجلی فروخت کی گئی، جو اس ماہ کی کل صنعتی بجلی کا 24.5 فیصد ہے۔ اس کے نتیجے میں صنعتوں کو 6.382 ارب روپے کا فائدہ پہنچا، جبکہ 127,686 صارفین، یعنی 46 فیصد صنعتی صارفین، اس رعایتی پیکج سے مستفید ہوئے۔
ترجمان نے بتایا کہ سردار اویس احمد خان لغاری صنعتوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مثبت اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ خود ان اقدامات کی مسلسل نگرانی اور پیش رفت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اس پیکج کا مقصد صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور سرپلس بجلی کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے۔