وفاقی حکومت نے ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت بجلی 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ تک مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 78 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کردی ہے۔ اس درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 26 فروری کو سماعت کرے گی، جس کے بعد حتمی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیپرا پہلے ہی دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 28 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے چکا ہے، جس سے صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی منظوری کے بعد اضافی رقم بجلی کے آئندہ بلوں میں صارفین سے وصول کی جائے گی۔ اس فیصلے سے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین متاثر ہوں گے۔
توانائی ماہرین کے مطابق بار بار فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے باعث بجلی کی مجموعی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔