کاروباری سرگرمیوں کی آن لائن مانیٹرنگ کا فیصلہ، پوائنٹ آف سیلز لازمی قرار

image

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ملک بھر میں مختلف کاروباری سرگرمیوں کی آن لائن مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے اور 14 سے زائد شعبوں میں پوائنٹ آف سیلز (POS) لازمی بنانے کا حکم جاری کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹلز، ریسٹورینٹس، گیسٹ ہاؤسز، میرج ہالز، مارکیز، ریس کلبز میں پوائنٹ آف سیلز لگانا لازم ہوگا البتہ جہاں ایئر کنڈیشنر کی سہولت موجود نہیں وہاں چھوٹ دی جائے گی۔

اسی طرح گاڑیوں، کورئیر اور کارگو سروسز، ڈینٹسٹ، فزیوتھراپسٹ، پلاسٹک اور ہیئر سرجنز، ویٹرنری ڈاکٹرز، میڈیکل لیبز، ایکسرے، سی ٹی اور ایم آر آئی اسکین سینٹرز میں بھی پی او ایس لازمی ہوگا۔

بیوٹی پارلرز، مساج سینٹرز، پیڈی کیور سینٹرز اور پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی یہ شرط عائد کی گئی ہے جبکہ 500 روپے ماہانہ فیس لینے والے اسپتالوں کو چھوٹ دی جائے گی۔

مزید براں ہیلتھ کلبز، جم، سوئمنگ پولز، ملٹی پرپز کلبز، سول اور نان سول پولو کلبز، چارٹڈ اکاؤنٹنٹس، کاسٹ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس کے لیے بھی پی او ایس سسٹم لازمی ہوگا۔

لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے مختلف جمخانہ اور کلبز میں پی او ایس لگانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ریٹیلرز، مینوفیکچررز، امپورٹرز، فارن ایکسچینج ڈیلرز، کرنسی ایکسچینج کمپنیز، نجی تعلیمی ادارے اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کے لیے بھی آن لائن انٹیگریشن لازمی ہوگی تاہم ایک ہزار روپے ماہانہ فیس لینے والے اداروں کو چھوٹ دی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US