اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں طلبہ کو کوکین اور آئس فراہم کرنے والے نائجیرین منشیات نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے سرغنہ سمیت اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
اے این ایف کے مطابق کارروائی مستند انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران اہم ڈسٹری بیوٹر چارلس چوکا کو اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے 10 گرام کوکین برآمد ہوئی۔
مزید تحقیقات کے بعد نیٹ ورک کے سرغنہ جوزف چینیدو کی بحریہ ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے 26 کوکین کیپسول (600 گرام)، 90 کوکین ٹوکن (90 گرام) اور 160 گرام میتھ ایمفیٹامین (آئس) برآمد ہوئی۔ اس طرح مجموعی طور پر 860 گرام کوکین قبضے میں لی گئی جبکہ ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی ضبط کرلی گئی۔
اے این ایف کے مطابق یہ نیٹ ورک نائجیریا کے شہریوں کی سرپرستی میں تعلیمی اداروں کے طلبہ کو نشانہ بنا رہا تھا۔ گرفتار ملزمان کو تحویل میں لے کر مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ "ڈرگ فری اسلام آباد" مہم کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے اور تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک رکھنا اولین ترجیح ہے۔