علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حکام نے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے میاں بیوی کو گرفتار کرکے 5 کلوگرام آئس (کرسٹل میتھ ایمفیٹامائن) برآمد کرلی۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق ملزمان، جن کی شناخت مشتاق اور نورین کے نام سے ہوئی ہے، نجی ایئر لائن کے ذریعے جدہ منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ دورانِ تلاشی ان کے سامان اور جوتوں میں مہارت سے چھپائی گئی اعلیٰ معیار کی آئس برآمد ہوئی۔
حکام نے بتایا کہ برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے، جو بین الاقوامی مارکیٹ میں انتہائی قیمتی سمجھی جاتی ہے۔
واقعے کے بعد انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ اسمگلنگ میں ملوث بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جاسکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹس پر سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے تاکہ منشیات اسمگلنگ کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جاسکے۔