گوگل نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے آغاز پر ایک خصوصی ڈوڈل متعارف کرایا ہے جو شائقین کرکٹ کے لیے دلچسپی کا نیا مرکز بن گیا ہے۔
یہ ڈوڈل شوخ اور دلکش رنگوں، نمایاں اشکال اور تھری ڈی انداز میں تیار کیا گیا ہے، جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے جوش، رفتار اور سنسنی کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔
سپراس ایٹ مرحلہ 7 فروری سے شروع ہونے والے دسویں ایڈیشن میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے آغاز ہو رہا ہے۔
ایونٹ میں 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور ابتدائی مراحل میں ہی کئی سنسنی خیز اور ناقابل یقین مقابلے دیکھنے کو ملے۔ نیدرلینڈز اور امریکا نے پاکستان اور بھارت جیسی ٹیموں کو مشکلات میں ڈال دیا، جبکہ انگلینڈ بھی ایسوسی ایٹ ٹیموں کے خلاف لڑکھڑاتی نظر آئی۔
آسٹریلوی ٹیم سری لنکا اور زمبابوے سے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی جبکہ پہلی بار کوالیفائی کرنے والی اٹلی نے اپنی پہلی فتح حاصل کی۔
زمبابوے گروپ مرحلے میں آسٹریلیا، سری لنکا اور عمان کے خلاف ناقابل شکست رہی، اور آئرلینڈ کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوگیا۔
گروپ ون میں بھارت، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے جبکہ گروپ ٹو میں پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گروپ ون کی تمام ٹیمیں اب تک ناقابل شکست ہیں۔
دونوں گروپس سے ٹاپ ٹو ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں گی، جو 4 اور 5 مارچ کو کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 8 مارچ کو احمد آباد یا کولمبو میں ہوگا۔