بھارت کے اتر پردیش کے ضلع اناؤ میں ایک کرکٹ میچ کے دوران مکھیوں کے اچانک حملے سے کرکٹ امپائر مانک گپتا ہلاک ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ڈرنکس بریک کے دوران پیش آیا، جب مانک گپتا اپنے ساتھی امپائر سے ملاقات کے لیے چائے پی رہے تھے کہ اچانک پیچھے سے مکھیوں کا ایک غول حملہ آور ہوا۔ مانک گپتا حملے کے دوران توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر پڑے جس کے بعد مکھیوں کے غول نے انہیں گھیر لیا۔
ہلاک ہونے والے امپائر تقریباً 30 برس سے کرکٹ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے تھے اور کانپور کرکٹ ایسوسی ایشن سے وابستہ تھے۔ وہ اسٹیٹ پینل امپائر بھی رہ چکے تھے اور کرکٹ کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی تھی۔
ان کے بھائی امیت کمار گپتا نے بتایا کہ دیگر افراد مکھیوں سے بچنے میں کامیاب رہے تاہم مانک گپتا شدید حملے کی زد میں آئے۔ ان کے ساتھی امپائر جگدیش شرما نے کہا کہ وہ عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے تیزی سے نہیں بھاگ سکے اور یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔