فیصل آباد سے اغوا ہونے والے تاجر کو نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور پنجاب پولیس نے بحفاظت بازیاب کرالیا۔
ترجمان کے مطابق نامعلوم اغوا کار خود کو حساس ادارے کا اہلکار ظاہر کرتے ہوئے تاجر کو گاڑی میں ساتھ لے گئے۔ اطلاع ملنے پر موٹر وے پولیس اور پنجاب پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا اور انہیں بلکسر انٹرچینج اور نیلہ انٹرچینج کے درمیان روکنے کی کوشش کی۔
پولیس کے قریب پہنچنے پر اغوا کار تاجر اور دو گاڑیاں چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ حکام کے مطابق اغوا کار ایک بین الصوبائی گروہ کا حصہ ہیں جو مختلف علاقوں میں وارداتوں میں ملوث ہے۔
پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ بازیاب ہونے والے تاجر کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔