سالونٹ آئل ملے پیٹرول، ڈیزل کی فروخت، ڈیلرز نے اوگرا کو خط لکھ دیا

image

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کے سامنے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض غیر ذمہ دار عناصر پیٹرول اور ڈیزل میں سستا کیمیکل، سالونٹ آئل، ملا کر مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔

ایسوسی ایشن نے وزیر پیٹرولیم اور اوگرا کے چیئرمین کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ سالونٹ آئل کی پیداوار اور درآمد کا فوری آڈٹ کیا جائے اور اس کی ترسیل و ذخیرہ پر سخت نگرانی، انسپیکشن اور لیبارٹری ٹیسٹنگ کو مؤثر بنایا جائے۔

خط میں بتایا گیا ہے کہ سالونٹ آئل مخصوص صنعتی کاموں کے لیے تیار کیا جاتا ہے اور گاڑیوں کے انجن میں ملا کر فروخت کرنا نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ انجن کے لیے نقصان دہ بھی ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس غیر قانونی عمل سے قانونی پیٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصان ہوتا ہے اور حکومت بھی ٹیکس کے نقصان کا شکار ہوتی ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ سالونٹ آئل مضر صحت ہے اور طویل استعمال کینسر سمیت دیگر بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے، لہٰذا فوری اقدامات کے بغیر عوام اور صنعت دونوں متاثر ہوں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US