موجودہ مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران پاکستان کی مجموعی برآمدات میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے جس کے مطابق غذائی اجناس، کپاس، پیٹرولیم مصنوعات، سرجیکل و کیمیکل آلات اور ادویات کی برآمدات متاثر ہوئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2025 سے جنوری 2026 تک ملکی برآمدات میں 7.11 فیصد کمی ہوئی جس کے نتیجے میں برآمدات کا حجم 19.58 ارب ڈالر سے کم ہو کر 18.19 ارب ڈالر رہ گیا یوں مجموعی طور پر 1 ارب 34 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
تاہم جنوری 2026 میں برآمدات میں بہتری دیکھنے میں آئی اور ایک ماہ کے دوران برآمدات 35 فیصد اضافے کے ساتھ 3 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 3.14 فیصد جبکہ مینوفیکچرنگ آلات کی برآمدات میں 12.73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب مجموعی طور پر غذائی اجناس کی برآمدات میں نمایاں کمی دیکھی گئی پہلے سات ماہ میں فوڈ ایکسپورٹس 35 فیصد کم ہو کر 4.61 ارب ڈالر سے گھٹ کر 2.98 ارب ڈالر رہ گئیں جس کا اثر ملکی برآمدات پر منفی طور پر پڑا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ برآمدات میں کمی کی بڑی وجوہات عالمی طلب میں اتار چڑھاؤ، مقامی پیداواری لاگت میں اضافہ اور معاشی دباؤ ہیں، تاہم حالیہ مہینے میں برآمدات میں بہتری کے آثار مثبت پیش رفت کی امید دلا رہے ہیں۔