نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے کوالیفائر میں کراچی ریجن بلوز نے پول اے سے کوالیفائی کر لیا۔ اتوار کے روز کھیلے گئے میچ میں کراچی بلوز نے اسلام آباد کو 26 رنز سے شکست دی۔
کراچی بلوز نے مقررہ 20 اوورز میں 161 رنز بنائے، جس میں احسن علی نے 33 گیندوں پر 45 رنز بنائے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے، جبکہ کپتان غازی غوری نے 28 اور محمد طحہ نے 25 رنز کا اضافہ کیا۔
اسلام آباد کی جانب سے ارسل شیخ نے دو وکٹیں حاصل کیں، تاہم جواب میں اسلام آباد کی ٹیم 19.2 اوورز میں 135 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کراچی بلوز کے محمد رضا، رحمان غنی، وہاج ریاض، عارش علی خان اور اسد اختر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پول بی کے آخری میچ میں کوئٹہ نے آزاد جموں و کشمیر کو سات وکٹوں سے شکست دی۔ آزاد جموں و کشمیر نے مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز کا ہدف دیا، جس میں حسنین شمیر نے 40 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔
جواب میں کوئٹہ کے حسیب اللہ نے ناقابل شکست 49 اور حنان اچکزئی نے 39 رنز کی شراکت داری کے ساتھ ہدف نو گیندیں قبل حاصل کر لیا۔ کوئٹہ کے اوپننگ بلے باز عبدالوحید نے 36 گیندوں پر 42 رنز سکور کیے جبکہ خلیل احمد نے تین اور نجیب اللہ اچکزئی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
سوموار کو پول بی میں فاٹا اور بہاولپور کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوگا جبکہ حیدرآباد کا سامنا راولپنڈی سے ہوگا۔ پہلے میچ کی شکست یافتہ ٹیم کوالیفیکیشن کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی، اور دوسرے میچ میں حیدرآباد کو کوالیفائی کرنے کے لیے بہتر رن ریٹ کے ساتھ یقینی فتح درکار ہوگی۔