خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں فیڈرل کانسٹیبلری کے قلعہ پر کواڈ کاپٹر حملے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال لے جانے والی ایمبولینس پر فائرنگ کرکے 3 زخمی اہلکاروں کو شہید کردیا گیا۔
ڈی پی او کرک کے مطابق درگہ شہیدان کے علاقے میں ایف سی کے قلعہ پر کواڈ کاپٹر سے حملے کے نتیجے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 5 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں ایمبولینس اسپتال پہنچانے کے لیے منتقل کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ بعدازاں زخمی ایف سی اہلکاروں کو اسپتال لے جانے والی ایمبولینس پر بھی مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 ریسکیو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری کے زخمی اہلکاروں کو لے جانے والی ایمبولینس پر بہادر خیل میں فائرنگ کی گئی جس سے ایمبولینس میں موجود 3 زخمی فیڈرل کانسٹیبلری اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ فائرنگ کے دیگر زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔