پاکستان کے 10.643 ارب ڈالر کے غیر ملکی معاہدے، چین بڑا ترقیاتی شراکت دار قرار

image

وزارت اقتصادی امور نے بتایا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ مالی سال 2024-25 کے دوران دوطرفہ اور کثیر جہتی شراکت داروں کے ساتھ مجموعی طور پر 10.643 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے۔

وزارت کے مطابق اس رقم میں سے 5.061 ارب ڈالر کثیر الجہتی ترقیاتی شراکت داروں، 1.289 ارب ڈالر دوطرفہ شراکت داروں جبکہ 4.294 ارب ڈالر غیر ملکی تجارتی بینکوں سے حاصل کیے گئے۔ ان معاہدوں میں 40 فیصد رقم بجٹ معاونت اور ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے، 15 فیصد پروگرام فنانسنگ، 25 فیصد منصوبہ جاتی فنانسنگ اور 20 فیصد اجناس کی مالی اعانت کے لیے مختص کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق کثیر الجہتی شراکت داروں میں ایشیائی ترقیاتی بینک 2.206 ارب ڈالر کے ساتھ سرفہرست رہا، عالمی بینک نے 1.942 ارب ڈالر جبکہ اسلامی ترقیاتی بینک نے 892 ملین ڈالر مالی معاونت کے وعدے کیے۔

دوطرفہ شراکت داروں میں چین پاکستان کا سب سے بڑا ترقیاتی شراکت دار رہا جس نے 584 ملین ڈالر فراہم کیے، سعودی عرب 221 ملین ڈالر کے ساتھ دوسرے اور فرانس 117 ملین ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے مالی سال 2025 کے دوران بجٹ معاونت، ادائیگیوں کے توازن اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کے لیے 6.221 ارب ڈالر حاصل کیے۔ اس کے علاوہ پراجیکٹ فنانسنگ 3.541 ارب ڈالر، پروگرام فنانسنگ 1.630 ارب ڈالر اور کموڈیٹی فنانسنگ 752 ملین ڈالر رہی۔

شعبہ وار تقسیم کے مطابق توانائی اور بجلی کے شعبے کو سب سے زیادہ 1.370 ارب ڈالر فراہم کیے گئے، جبکہ سیلاب سے بحالی کے لیے 591 ملین ڈالر، ٹرانسپورٹ و مواصلات کے لیے 201 ملین ڈالر، منصوبہ بندی و رہائش کے لیے 186 ملین ڈالر، صحت کے لیے 184 ملین ڈالر، آبی وسائل کے لیے 170 ملین ڈالر، گورننس کے لیے 127 ملین ڈالر، زراعت کے لیے 119 ملین ڈالر، تعلیم کے لیے 113 ملین ڈالر، سائنس و ٹیکنالوجی کے لیے 101 ملین ڈالر، تعمیرات کے لیے 100 ملین ڈالر اور ماحولیات کے لیے 98 ملین ڈالر جاری کیے گئے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق غیر ملکی اقتصادی معاونت ترقی پذیر ممالک کی معاشی ترقی، مالی استحکام اور عوامی فلاح کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US