کمزور ٹرانسمیشن نظام بجلی مہنگی ہونے کی بڑی وجہ ہے، نیپرا رپورٹ

image

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ ملک کا کمزور پاور ٹرانسمیشن نظام صارفین کے لیے بجلی مہنگی ہونے کی ایک اہم وجہ بن رہا ہے۔

نیپرا کی مالی سال 2024-25 کی ٹرانسمیشن پرفارمنس ایویلیوایشن رپورٹ کے مطابق اوورلوڈ گرڈ اسٹیشنز، منصوبوں میں تاخیر اور اداروں کے درمیان ناقص رابطہ کاری کی وجہ سے سستی بجلی کی مؤثر فراہمی متاثر ہو رہی ہے اور صارفین کو مہنگی بجلی استعمال کرنی پڑ رہی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کے الیکٹرک اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے درمیان کمزور روابط بھی سستی قومی بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ ہیں، جس سے نظام کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔

نیپرا کے مطابق قومی گرڈ کی کمزوریوں کی وجہ سے اکنامک میرٹ آرڈر کے اصول پر عمل متاثر ہو رہا ہے جس کے تحت سستی بجلی کو پہلے نظام میں شامل کیا جانا چاہیے، تاہم موجودہ صورتحال میں مہنگے پاور پلانٹس چلانے پڑ رہے ہیں جس کا براہِ راست بوجھ گھریلو اور صنعتی صارفین پر پڑ رہا ہے۔

مزید براں رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ متعدد گرڈ اسٹیشنز اور پاور ٹرانسفارمرز اپنی استعداد کے 80 فیصد سے زائد بوجھ پر کام کر رہے ہیں جس سے وولٹیج میں عدم استحکام، آلات کو نقصان اور بڑے بریک ڈاؤن کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

نیپرا نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی مضبوطی اور موثر رابطہ کاری کے اقدامات کریں تاکہ صارفین کو سستی اور مستحکم بجلی فراہم کی جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US