کوہاٹ کے نواحی علاقے میں دہشتگردوں نے پولیس موبائل پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 6 اہلکار اور ایک شہری شہید ہوگیا جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او کوہاٹ کے مطابق شکردرہ روڈ پر نامعلوم دہشتگردوں نے پولیس موبائل کو نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی واحد محمود سمیت 3 اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
دوران علاج مزید اہلکار شہید ہوگئے جس کے بعد دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 6 ہوگئی۔
ایم ایس کے مطابق دہشتگروں کے حملے میں مجموعی طور پر 7 افراد شہید ہوئے جن میں ایک راہگیر بھی شامل ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں 3 اہلکار اور ایک زخمی شہری زیر علاج ہے۔
حکام کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد پولیس موبائل کو آگ لگا کر موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔