محکمہ کھیل سندھ نے کہا ہے کہ تھر ریلی 26 سے 29 مارچ کو سندھ کے ریگستانی علاقے تھر کے صحرا میں ہوگی۔
تھر آف روڈ ریلی میں ملک کے تمام ٹاپ ڈرائیورز ایکشن میں ہوں گے، تھر ریلی کیلیے ٹریک کی تیاریوں کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
سندھ حکومت کا مارچ میں تھر جیپ ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں موٹر ایسوسی ایشن کے ہمراہ اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر نے کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق، موٹر ایسوسی ایشن کے سید ظہیر حیسن شاہ اور ریحان قریشی نے شرکت کی جبکہ ڈی ایس او واش دیو مالہی اور سیکشن افسر علی ڈنو گوپانگ بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں تھر آف روڈ ریلی کے ساتھ ساتھ موٹر بائیک ریس، گھوڑوں اور اونٹوں کی ریس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
منور علی مہیسر نے کہا کہ اس بار تھر جیپ ریلی کے ساتھ موٹر بائیک ریس، اونٹوں، گھوڑوں کی ریس اور میوزیکل ایونٹ بھی منعقد ہوگا، انھوں نے کہا کہ تھر جیپ ریلی میں اسٹاک، لیڈیز، پری پئیرڈ کیٹگری کے مقابلے ہوں گے۔
سیکریٹری کھیل نے کہا کہ 26 مارچ کو گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیکنیکل انسپیکشن ہوگی، 27 مارچ کو کوالیفائنگ ریس ہوگی، 28 مارچ کو اسٹاک کیٹگری کے مقابلے ہوں گے، 29 مارچ کو پری پئیرڈ کیٹگری کے مقابلے ہوں گے۔
منور علی مہیسر نے کہا کہ تھر جیپ ریلی سے علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور مقامی معیشت مستحکم ہوگی، انھوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے بڑے ایونٹس جاری رکھے گی۔
ترجمان کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی وزیر کھیل محمد بخش مہر ہوں گے جبکہ مکیش کمار چاؤلہ، سید ذوالفقار شاہ، نادر مگسی اور دیگر بھی شرکت کریں گے۔