نان بینکنگ مالیاتی اداروں کے اثاثے 6.84 کھرب روپے تک پہنچ گئے، ایس ای سی پی

image

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے نان بینکنگ فائنانشل اداروں (NBFCs) کی مالی کارکردگی کی رپورٹ جاری کر دی جس میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے اعداد و شمار شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نان بینک مالیاتی شعبے کے مجموعی مالی اثاثے جون 2025 میں 5,630 ارب روپے سے بڑھ کر دسمبر 2025 میں 6,840 ارب روپے تک پہنچ گئے جو چھ ماہ میں تقریباً 21 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

میوچل فنڈز کے مجموعی اثاثے 4.5 کھرب روپے تک پہنچ گئے جبکہ تعداد 369 سے بڑھ کر 409 ہو گئی۔سرمایہ کار اکاؤنٹس کی تعداد 8 لاکھ 45 ہزار تک پہنچ گئی، جون 2025 کے بعد نئے اکاؤنٹس میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح منی مارکیٹ فنڈز میں 44 فیصد سرمایہ کاری، انکم فنڈز میں 23 فیصد اور ایکویٹی فنڈز میں 14 فیصد سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی اور رضاکارانہ پنشن اسکیم کے شرکاء کی تعداد 1 لاکھ 43 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ اکاؤنٹس میں چھ ماہ میں 30 فیصد اضافہ ہوا۔

قرض فراہم کرنے والے NBFCs کے اثاثے 824 ارب روپے تک پہنچ گئے اور لینڈنگ سیکٹر کے اثاثوں میں 65 فیصد نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ علاوہ ازیں شریعہ کمپلائنٹ اثاثے 2.47 کھرب روپے تک پہنچ گئے جو مجموعی اثاثوں کا 36 فیصد بنتے ہیں۔

رجسٹرڈ NBFCs اور مضاربہ اداروں کی تعداد 174 سے بڑھ کر 185 ہو گئی جس میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کے نان بینکنگ مالیاتی شعبے میں مسلسل ترقی ہو رہی ہے اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہو رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US