سنرجیکو آئل ریفائنری اور ایشیا پیٹرولیم کے مابین اہم معاہدہ طے پاگیا، جسے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظوری دے دی ہے۔ اس معاہدے کے تحت سنرجیکو آئل ریفائنری ایشیا پیٹرولیم کی 14 انچ تیل کی پائپ لائن کو 20 سال تک استعمال کر سکے گی۔
معاہدے کی تفصیلات کے مطابق ریفائنری سے نکلنے والا تمام ہائی اسپیڈ ڈیزل براہِ راست پائپ لائن کے ذریعے ذوالفقارآباد آئل ٹرمینل منتقل ہوگا۔یہ معاہدہ ریگولیٹری اور کمرشل فریم ورک، متعلقہ حکومتی اور دیگر ضروری منظوریوں کی تکمیل کے مشروط ہوگا۔
معاہدے کی وجہ سے روڈ ٹرانسپورٹ پر انحصار کم ہونے کے باعث ٹریفک دباؤ اور حادثات کے خطرات میں کمی آئے گی اور ریفائنری سے ٹرمینل تک براہِ راست ترسیل کی وجہ سے سپلائی چین کی کارکردگی اور استحکام میں بہتری آئے گی۔
سنرجیکو آئل ریفائنری نے اس اہم پیشرفت کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط کے ذریعے آگاہ کیا ہے جس سے کمپنی کی مستقبل کی سرمایہ کاری اور آپریشنل کارکردگی میں مثبت اثرات متوقع ہیں۔