وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے عالمی بینک کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی، جس میں ترقیاتی تعاون کے فروغ اور حکومتی اصلاحاتی ترجیحات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران عالمی بینک کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) کے تحت تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اہم شعبوں میں اصلاحات کو آگے بڑھانے پر غور کیا گیا۔ بات چیت میں آبادی اور انسانی وسائل کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، زرعی اصلاحات، توانائی کے شعبے کی پائیداری اور جاری منصوبوں کی کارکردگی شامل تھی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ترجیحی شعبوں خصوصاً آبادی کے نظم و نسق اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے سی پی ایف پر مؤثر عملدرآمد انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط رابطے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی پالیسیوں میں ہم آہنگی اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔
ملاقات میں زرعی شعبے میں اصلاحات، پیداوار میں اضافے، ویلیو چین کی بہتری، مالی سہولیات تک رسائی اور نجی شعبے کی شمولیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عالمی بینک نے زرعی ترقی اور اقتصادی استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
توانائی کے شعبے کی مالی پائیداری اور اصلاحات پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ دونوں جانب سے تکنیکی سطح پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ پاکستان ساختی اصلاحات، بہتر طرز حکمرانی اور عوام کو پائیدار ترقی کے ثمرات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔