پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے برانڈ پارٹنرشپ رائٹس 2026 سے 2029 کے لیے بولی کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا ہے جس میں ٹرانس گروپ ایف زیڈ ای نے ملٹی بلین روپے کی ریکارڈ بولی جیت کر لیگ کی برانڈ ویلیو میں تاریخی اضافہ کر دیا۔
پی ایس ایل 2026-2029 برانڈ پارٹنرشپ ریکارڈ قیمت پر فروخت
پی سی بی کے مطابق برانڈ پارٹنرشپ ویلیو میں 2016 کے افتتاحی ایڈیشن کے مقابلے میں 1226 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس پارٹنرشپ میں چھ کیٹیگری رائٹس اور ایک امپائر برانڈنگ رائٹ شامل ہیں۔ بولی سے قبل پی سی بی نے ریزرو پرائس کا اعلان کیا تھا، تاہم ٹرانس گروپ ایف زیڈ ای نے اس قیمت سے کہیں زیادہ پیشکش کی۔
پی سی بی کے ترجمان راؤ عمر ہاشم نے کہا ہے کہ پی ایس ایل عالمی سطح پر ایک باوقار برانڈ بن چکا ہے اور ہم نئے دور میں پی سی بی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے برانڈ ویلیو میں اضافہ لیگ کی کامیابی کا ثبوت قرار دیا اور کہا کہ یہ لیگ کے بڑھتے ہوئے اثر اور مقبولیت کی عکاسی کرتا ہے۔
پی ایس ایل انتظامیہ نے اعلان کیا کہ دو نئے وینیوز پر بھی رواں سیزن کے میچز کھیلے جائیں گے جس سے لیگ کی رسائی اور شائقین کے لیے مزید سہولیات فراہم ہوں گی۔