بجلی صارفین سے اربوں روپے وصولی کی تیاریاں، فی یونٹ 1.78 روپے اضافے کا امکان

image

ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، بجلی کی قیمت میں ایک ماہ کے لیے ایک روپے 78 پیسے فی یونٹ تک اضافے کا امکان ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین وسیم مختار کی سربراہی میں سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا جائے۔

دوسری جانب نیپرا نے مالی سال 2024-25 کے دوران بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی رپورٹ بھی جاری کردی ہے، جس کے مطابق قومی خزانے کو مجموعی طور پر 472 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

رپورٹ کے مطابق ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نقصانات کی مد میں 265 ارب روپے کا نقصان ہوا، جبکہ بجلی کے بلوں کی کم وصولیوں کے باعث مزید 207 ارب روپے کا خسارہ ہوا۔

نیپرا نے رپورٹ میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیاں نقصانات کم کرنے کے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہیں، جس کے باعث گردشی قرضے میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

نیپرا درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد حتمی فیصلہ بعد میں جاری کرے گا، جس کے بعد بجلی صارفین پر اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US