انسداد منشیات فورس (ANF) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 6 آپریشنز کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ 3 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 425.2 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے اطراف خصوصی کارروائیوں میں ہری پور کے ہتار روڈ پر یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے 300 گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
دیگر کارروائیوں میں کراچی کے لیاری ایکسپریس وے کے قریب ایک گاڑی سے 249.7 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح تربت، ضلع کیچ کے قریب ایک گاڑی سے 76 کلوگرام چرس اور 4 کلوگرام افیون برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ تربت میں ایک اور کارروائی کے دوران گاڑی سے 10 کلوگرام آئس برآمد ہوئی اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
مزید کارروائی میں راولپنڈی کے علاقے کلر سیداں کے قریب دو گاڑیوں سے 84 کلوگرام چرس، 30 بور پستول اور 4 راؤنڈز برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
علاوہ ازیں ملتان کے شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب ایک ملزم سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔